
:جاری کردہ
شعبہ نشر و اشاعت
اسلامی جمعیتِ طلبہ پاکستان
1-اے ذیلدار پارک، اچھرہ، لاہور
برائے رابطہ: محمد طیب چوہان
(مرکزی سیکرٹری اطلاعات، اسلامی جمعیتِ طلبہ پاکستان)
موبائل نمبر:
0311-4113874
پریس ریلیز
15-اپریل-2025ء
اسلام آباد میں تاریخ ساز "فلسطین مارچ" 30 اپریل کو ہوگا، آج ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے – محمد طیب چوہان
اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رہے گا، احتجاجی مہم آئینی اور منظم ہوگی – مرکزی سیکرٹری اطلاعات، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
لاہور/کراچی/اسلام آباد/پشاور پ-ر: ( ):
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیرِ اہتمام آج ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں "یومِ سیاہ" منایا جا رہا ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی جنگی جرائم اور امریکہ کے جانبدارانہ کردار کے خلاف منظم آواز بلند کرنا اور پاکستانی نوجوانوں کو اس عالمی جدوجہد کا سرگرم اور باشعور حصہ بنانا ہے۔ اس موقع پر لاہور، کراچی، اسلام آباد، ملتان، پشاور، فیصل آباد اور حیدرآباد سمیت ملک بھرکے تعلیمی اداروں میں احتجاجی مظاہرے، سیاہ پٹیاں، تصویری نمائش اور آگاہی ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن میں ہزاروں طلبہ شرکت کریں گے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد طیب چوہان نے بتایا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ دن محض احتجاجی علامت نہیں بلکہ ایک فکری تحریک کی عملی جھلک ہے جو یہ پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کا نوجوان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ظلم کے خلاف کسی صورت خاموش نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد باشعور، منظم اور پُرامن ہے جو صرف نعروں پر نہیں بلکہ فکری بیداری، عملی شعور اور اجتماعی قوتِ ارادی پر قائم ہے۔ ناظم اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ ہم اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور والدین، طلبہ، تاجروں اور تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسی تمام مصنوعات سے اجتناب کریں جو اسرائیلی معیشت کو سہارا دیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی قسم کی توڑ پھوڑ، تشدد یا قانون شکنی کو تحریک کا حصہ نہیں بننے دیں گے کیونکہ ہماری جدوجہد آئینی، اخلاقی اور سنجیدہ بنیادوں پر قائم ہے۔ پیغام میں اعلان کیا گیا کہ 23 اپریل کو کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کے باہر پُرامن مگر مؤثر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ 30 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے تاریخ ساز "فلسطین مارچ" ہوگا، جس میں ملک بھر سے نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہو کر امت کا اجتماعی ضمیر بیدار کریں گے۔
محمد طیب چوہان نے کہا کہ یومِ سیاہ مظلوموں کے حق میں اور ظالموں کے خلاف ہمارے غیرت مند اور باوقار مؤقف کا مظہر ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نہ صرف احتجاج کر رہی ہے بلکہ شعور، نظریہ اور منظم اقدام کے ذریعے نوجوانوں کو فلسطین کاز کے ساتھ جوڑ رہی ہے تاکہ یہ مہم وقتی ردعمل نہ ہو بلکہ ایک مسلسل مزاحمتی عمل بن جائے۔ جمعیت کا دو ٹوک پیغام ہے کہ ہماری آواز ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ اور ظالموں کے خلاف رہے گی۔
ازطرف:
شعبہ نشرواشاعت
اسلامی جمعیتِ طلبہ پاکستان
1-اے ذیلدار پارک، اچھرہ، لاہور